پی ٹی آئی کے وٹس ایپ گروپ میں عباس آفریدی کی بلے بلے

کوہاٹ بے باک آواز رپورٹ

ابھی عام انتخابات ہونے کو تین سال باقی ہیں لیکن حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ میں ابھی سے اختلافات کا شکار ہوئی نظر آرہی ہے۔

ایک طرف کارکن اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی سے عدم اطمینان اور بے چینی کا شکار ہیں تو دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے متعدد مقامی راہنما ایک دوسرے کے خلاف محاذ کھولے نظر آرہے ہیں۔

بے باک آواز کو اپنے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے ای آفیشل وٹس ایپ گروپ میں کارکنوں اور مقامی عہدیداروں نے اپنے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی سے مایوس ہو کر سابق سنیٹر عباس آفریدی اور ان کے بھائی اور حلقہ پی کے 80 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی امجد خان آفریدی کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کو اپنے الفاظ میں سلیوٹ پیش کیا۔

ایک مقامی عہدیدار نے کہا ہے کہ ہمارے ایم این اے سے تو عباس آفریدی کوہاٹ کے لیے بہت ہی اچھے ہیں جنہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوہاٹ کے لیے ہسپتال منظور کروایا، تیس کروڑ کے ٹرانسفارمر اور بجلی کا سامان منظور کروایا اور رکی ہوئی ٹرین سروس بحال کروائی۔

کارکنوں نے اپنے قومی اسمبلی کے نمائندے کو کوستے ہوئے کہا ہے کہ ان کے رکن اسمبلی کے نااہلی کی وجہ سے وہ ٹرانسفارمر ابھی تک پڑے ہوئے ہیں اور عنقریب گل سڑ جائیں گے اور زنگ آلود ہو جائیں گے۔

اگر اپنے الیکشن میں کامیابی اور ذاتی فائدے کے لیے ان کے ایم این اے عدالت میں بجلی کے کاموں کے خلاف عدالت نہ جاتے تو آج یہ ٹرانسفارمر لگ چکے ہوتے اور کافی حد تک لوگوں کو درپیش بجلی کے مسائل حل ہو چکے ہوتے۔

انہوں نے گروپ میں مزید کہا ہے کہ عباس آفریدی نے ٹرین سروس بحال کروائی لیکن پی ٹی آئی کے دور میں یہ سروس دوبارہ رک گئی ہے اور اس طرح کوہاٹ ڈویژن کے رہائشیوں سے ایک بڑی سہولت چھین لی گئی ہے۔

کارکنوں نے اپنے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک جتنے بھی گیس فراہمی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے سب کے سب سابق سنیٹر عباس آفریدی کے منظور کردہ ہیں ایم این اے کو چاہیے کہ وہ باقی ماندہ علاقوں کو گیس فراہم کروائیں تاکہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے کارکن لوگوں کے پاس ووٹ مانگنے جا سکیں۔

ٹیگز

متعلقہ پوسٹس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!
Close