کوہاٹ: حفاظتی انتظامات مزید سخت، دفعہ 144 نافذ، پانچ سو سے زائد گرفتار

ضلعے بھر میں پندرہ ستمبر دہرے واقعے کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے تھے، کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ

کوہاٹ میں امن عامہ کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے جبکہ حفاظتی انتظامات سخت کرتے ہوئے شہری اور مضافاتی علاقوں میں کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کارروائیوں میں ایک ہفتے کے دوران 15 مطلوب اشتہاریوں سمیت 520 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک ایسا اشتہاری بھی شامل ہے جو کہ اکیس سال بعد پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

پولیس ترجمان فضل نعیم نے بے باک آواز کو بتایا کہ موجودہ کشیدہ حالات کے پیش نظر ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ضلع بھر میں عرصہ ایک ماہ کیلئے ہرقسم کے اسلحہ کی نمائش،موٹر سائیکل کی ڈبل سواری،گاڑیوں میں کالے شیشوں کے استعمال،وال چاکنگ،پبلک مقامات پر منافرت پھیلانے والی سرگرمی کی غرض سے پانچ یا پانچ سے زائدافراد کے اجتماع،ریلی و جلسے جلوسوں،ہوائی فائرنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی کھلے فروخت پر فی الفور پابندی عائد کردی گئی ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے بھیجے گئے تحریری مراسلے کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)عبدالرحمان نے دفعہ 144ضابطہ فوجداری کے نفاذ کا اعلامیہ جاری کردیا ہے اور ضلعی پولیس کو اعلامیہ کے منجملہ نکات پر سخت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

دریں اثناء کوہاٹ شہر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور شہر کے مصروف چوراہوں و شاہراہوں اور حساس و اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے حفاظتی اقدامات میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے۔ضلع بھر میں حساس مقامات کی طرف جانیوالے راستوں پر اضافی پولیس نفری تعینات کرکے شہر کی مختلف چوراہوں پر بکتر بند گاڑیاں کھڑی کردی گئی ہیں اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کردیا گیا ہے۔

دریں اثناء پولیس نے رواں ہفتے 15مطلوب اشتہاریوں سمیت 520مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کے نتیجے میں اسلحہ و منشیات بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

سماج دشمن عناصر کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار افراد میں 9منشیات فروش، 4افغان باشندے اور روپوش اشتہاریوں کے3سہولت کار بھی شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈسرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنزمیں مزید تیزی لائی گئی ہے۔اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان کی من و عن عملداری کو مد نظر رکھتے ہوئے کوہاٹ کے چاروں سرکلز سٹی،ہیڈ کوارٹر،صدر اور لاچی سرکل کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز،اچانک چھاپوں اور کریک ڈاؤن کے تسلسل میں پولیس نے رواں ہفتے شہرو مضافاتی علاقوں اور دورافتادہ دیہاتوں میں آپریشنل کاروائیوں کے دوران قتل و اقدام قتل،ڈکیتی،رہزنی اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب15مجرمان اشتہاریوں اور انکے3سہولت کاروں سمیت 520مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔

رواں ہفتے ضلع بھر میں کریک ڈاؤن کے دوران 2کلاشنکوف،1ریپیٹر،3بندوق،26پستول،مختلف بور کے1200 کارتوس اور 40چارجرز برآمد کئے گئے۔شہر کے مختلف مقاما ت پرآپریشنز کے دوران سفری وشناختی دستاویزات کے بغیر مقیم 4افغان باشندوں کو بھی حراست میں لیکر انکے خلاف ملک بدر کرنے کی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ پولیس نے قتل کے مقدمے میں عرصہ دراز سے مطلوب  اشتہاری کو گرفتار کیا ہے گرفتار اشتہاری محمد یاسین کا تعلق اورکزئی سے ہے جو 21 سال سے روپوش تھا

ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر پولیس نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کاروائی میں اشتہاری کو گرفتار کیا ہے۔

 

ٹیگز

متعلقہ پوسٹس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!
Close