کوہاٹ پولیس کی ڈاکٹروں اور صحت کے عملے کو سلامی

کوہاٹ پولیس نے کورونا صورتحال میں فرنٹ لائن پر پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے والے طبی عملے کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن(ر)منصور امان کے احکامات کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کے طور پر کردار ادا کرنیوالے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو پولیس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔

ایس پی آپریشنز کوہاٹ طاہر اقبال اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرصنوبر شاہ کی قیادت میں پولیس کے چاق وچوبند دستے نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈی اے کوہاٹ میں طبی عملے کو سلامی پیش کی۔

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رحیم خٹک اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یونس ندیم سمیت سینئیر ڈاکٹروں،پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسوں کی ٹیم نے پولیس دستے سے سلامی لی۔

اس موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں پولیس افسران،ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے کورونا وائرس کے تدارک کی خاطر ملکر جدو جہد جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس پی آپریشنز کوہاٹ طاہر اقبال کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جرات وبہادری کا مظاہرہ کرکے پیشہ ورانہ فرائض منصبی سے نبردآزما ڈاکٹرز اور نرسز قابل فخر اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طبی عملہ ان مشکل حالات میں جس طریقے سے خدمات انجام دے رہا ہے اس پر ہم سب بجا طور پر فخر محسوس کرتے ہیں اور میں انکے حوصلوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔فرنٹ لائن پر کام کرنیوالے طبی عملے کے حوصلے اور جذبے کو دیکھ کریقین سے کہ سکتا ہوں کہ انشاء اللہ ہم اس مشکل صورتحال سے بہت جلد نکلنے میں کامیاب ہونگے۔

اس موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رحیم خٹک نے کوروناصورتحال میں تندہی سے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والی خیبر پختونخوا پولیس فورس کی کارکردگی کو بھی سراہااور ملکر اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں کو حفاظتی و احتیاطی تدابیر اپنانے اور کورونا کے تدارک کے حوالے سے حکومتی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی بھی تاکید کی۔

ٹیگز

متعلقہ پوسٹس

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!
Close