دھاندلی کے الزامات، کپتان کے کھلاڑی بھی میدان میں آگئے

کوہاٹ(نعمت رضا+معراج الدین)کوہاٹ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف کپتان کے کھلاڑی بھی میدان میں آگئے۔صوبائی حلقہ پی کے 80سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار آفتاب عالم نے انتخابی نتائج مستر کر دیئے۔کوہاٹ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ پولنگ عملہ اور پولیس اہلکاران آزاد امیدوار امجد خان آفریدی کے ساتھ الیکشن دھاندلی میں ملے ہوئے تھے جبکہ ہمارے پولنگ ایجنٹ کوووٹوں کی گنتی کے دوران باہر نکالا گیا اورنتائج دینے سے بھی انکار کر دیاگیا۔امجد آفریدی نے اپنے آبائی پولنگ سٹیشن بابری بانڈہ میں بدترین دھاندلی کی جس کی ویڈیو ثبوت کے طور پر ہمارے پاس موجود ہے۔پولنگ کے دوران متعدد جعلی شناختی کارڈز بھی پکڑے گئے جبکہ ہمیں پچاس فیصد پولنگ سٹیشن کا نتیجہ نہیں ملا۔لہٰذا ہمیں کسی صورت یہ نتائج تسلم نہیں ۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ باقی ماندہ پچاس فیصد پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرائے جائیں اور امجد خان آفریدی کے خلاف پولنگ سٹیشن میں توڑ پھوڑ اور دھاندلی کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرائی جائے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد صوبائی امیداور حلقہ پی کے 80نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہمراہ پشاور چوک سے احتجاجی ریلی نکالی جو کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔کارکنوں نے مبینہ دھاندلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں