حکمران امریکی غلامی پر مجبور ہیں، مولانافضل الرحمان

اسلام آباد (بیورو رپوٹ) متحد ہ مجلس عمل پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے حکمران امریکہ اور عالمی قوتوں کی غلامی پر مجبور ہیں۔

اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کا منافقانہ اور اسلام دشمن رویہ دنیا میں امن کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔اسلامی ممالک کو اپنا سرمایہ اور دشمن کے خلاف اپنے ہتھیار استعمال کرنے کی بھی اجازت نہیں۔پاکستان میں ایک سازش کے ذریعے لبرل اور سیکولر سوچ کے لوگوں کو مسلط کیاجا رہا ہے۔جب تک ہمیں اپنے آئین اور قانون کے مطابق حکمرانی کا موقع نہیں ملتا ملک میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 53-54 اسلام آباد سے ایم ایم کے امیدوار سابق ایم این اے میاں محمد اسلم کی طرف سے کراچی کمپنی گراؤنڈ اسلام آباد میں منعقدہ گرینڈ فیملی عید ملن اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گرینڈ فیملی عید ملن سے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور میاں محمد اسلم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پیر اعجاز ہاشمی اور ایم ایم اے کے دیگر مرکزی قائد ین بھی موجود تھے۔
مولا نا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں انصاف کی بالادستی کی بجائے ظلم و جبر کا نظام مسلط ہے۔اللہ کی حاکمیت قائم کرنے کے آئینی تقاضے کوپورا نہیں کیا گیا ۔ہمارا مقابلہ اُن قوتوں کے ساتھ ہے جو مسلمانوں کی آزادی سلب کرکے انہیں غلام رکھنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہ کشمیر فلسطین اور شام میں مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے۔پل بھر میں سینکڑوں مسلمان شہید کردیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرسکتا ہے مگر آج تک اسے وہ قیادت نہیں ملی جو ملک و قوم کے ساتھ مخلص ہوتی۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر بے حیائی کا کلچر پھیلایا جاررہا ہے۔ایم ایم اے ان تمام سازشوں سے پوری طرح باخبر ہے اور عوام کی طاقت سے ان کو ناکام بنائے گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کو حقیقی عید اس دن نصیب ہوگی جس دن ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ جس پارلیمنٹ کے ماتھے پر کلمہ طیبہ لکھا ہوا ہے اس میں چور لٹیرے اور بدیانت لوگ بیٹھے ہیں۔یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے قوم کو جہالت ،غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی کی دلدل میں دھکیلا ہے۔جن لٹیروں نے قومی اداروں کو تباہ کیا وہی آج جھنڈے اور پارٹیاں بدل کر دوبارہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوناچاہتے ہیں ۔قوم سچائی اور جھوٹ میں تمیز کرے اور ووٹ کی قوت سے ان کرپٹ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں سے نجات حاصل کرے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو بار بار ڈسنے والے اژدھوں نے پاکستان سے اس کا عزت و وقار چھینا اورقوم کو عالمی ساہوکاروں کے ہاتھ فروخت کیا۔آج قومی ادارے گروی رکھے ہیں ۔کرپٹ قیادت کو صرف لوٹ مار کرنا آتی ہے قومی ترقی کا کوئی وژن نہیں۔ان کی داخلہ و خارجہ پالیسیاں اور معاشی منصوبہ بندی بری طرح نا کام ہوگئی ہے۔کرپٹ قیادت کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور آج باقی ماندہ مسائل کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں کی وجہ سے قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔آج پورا ملک بدامنی اور انتشار کی آما جگاہ بنا ہوا ہے۔قوم کو سبز باغ دکھانے والوں نے اپنی سات پشتوں کے لیے دولت جمع کر لی ہے اور عام آدمی دو وقت کے کھانے کو ترس رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہیں اور جنہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے وہ اقتدار کے ایوانوں پر مسلط ہونا چاہتے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر ان لیٹروں سے ایک ایک پائی کاحساب کرے گی ہم ان کو بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کی آزادی کا واضح روڈ میپ دیں گے۔آزادخارجہ پالیسی بنائیں گے اور سودی معیشت ختم کرکے زکواۃ کا پاکیزہ نظام دیں گے۔بے روزگاروں اور ضعیفوں کو الاؤنس دیں گے ،تعلیم کا یکساں نظام اور علاج سب کے لیے مفت ہوگا اور کراچی سے چترال تک پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ لبرل اور سیکولر سیاست کے لیے ایم ایم اے موت کا پیغام ہے۔
میاں محمد اسلم امیدوار این اے 53,54 نے کہ ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت ہی قومی قیادت ہے۔متحد ہ مجلس عمل پاکستان کو کرپشن فری ،قرضوں سے پاک اور عالمی برادری میں ایک باوقار ملک بنا سکتی ہے۔25جولائی کو کامیابی کے بعد انشاء اللہ اسلام آباد کو نہ صرف پاکستا ن بلکہ دنیاکا خوبصورت شہر بنائیں گے۔عوام کو تعلیم صحت کی سہولتیں ،پینے کا صاف پانی ،صاف ستھرا ماحول اور نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں