حکومت ملی تو شریعت نافذ کریں گے، سراج الحق

پشاور(بیورو رپورٹ) متحدہ مجلس عمل نے انتخابی مہم کے سلسلے میں پشاور کے رنگ روڈ میں پنڈال سجایا جس سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے خطاب کیا۔
جلسے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ایم ایم اے کو ایک دن کی حکومت بھی ملی تو وہ شریعت کی حکومت ہوگی۔
سراج الحق نے کہا کہ ’ہم کامیاب ہو کر پاکستان کو کلین پاکستان بنائیں گے، حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے لوٹا کریسی کی نہیں۔
ایم ایم اے کے سینئر نائب صدر سراج الحق نے کہا کہ آنے والا کل روشن ہے، اندھیر نگری کا نہیں ہے، اس ملک کو آئین کی روشنی میں خوشحال بنانا چاہتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اگر طیب اردوان ترکی میں جیت گئے تو ایم ایم اے پاکستان میں جیتے گی، یہاں ڈرگ اور کرپٹ مافیا کو شکست ہوگی، میرے قافلے میں جو جماعتیں شامل ہیں ان کا نام پاناما میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹا کریسی کی نہیں ڈیموکریسی کی ضرورت ہے، نیب کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کرسکا، عوام کریں گے، دفاع کے بعد تعلیم پر خرچ کریں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ ’ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے دور ہیں، موقع ملا تو پاکستان کے ہر بچے کے ہاتھ میں کتاب اور کاپیاں دیں گے، تمام بے روزگار نوجوانوں کو روزگار الاؤنس دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں